دبئی (جانب منزل نیوز ) دبئی نے جدید سفری سہولیات اور ڈیجیٹل امیگریشن نظام کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اظہار کر دیا۔ چین کے شہر میکاؤ میں منعقدہ 2026 ورلڈ ٹریول سمپوزیم میں دبئی کے محکمہ شناخت و امورِ غیر ملکی نے اسمارٹ ٹریول سلوشنز اور مسافروں کی تیز رفتار پروسیسنگ سے متعلق اپنے جدید تجربات پیش کیے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہونے والے سمپوزیم میں مختلف ممالک کے حکومتی نمائندوں، ایئرلائنز اور عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کے اہم عہدیدار شریک ہوئے۔
دبئی کے وفد نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافروں کی آمدورفت کو بہتر بنانے اور امیگریشن کے مراحل کو سہل بنانے کے حوالے سے اپنی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ جدید نظام کے ذریعے سفری سہولت اور سرحدی سیکیورٹی کے درمیان بہترین توازن قائم کرنے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
وفد کی قیادت میجر جنرل طلال احمد الشنقیطی نے کی۔ سمپوزیم کے موقع پر عالمی سفری نظام کو مزید مؤثر بنانے، مختلف ممالک کے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
میجر جنرل طلال الشنقیطی کا کہنا تھا کہ مستقبل کا سفری نظام جدید ٹیکنالوجی، جدت اور عالمی تعاون سے جڑا ہے۔ دبئی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے ایسے عملی حل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو دنیا بھر کے مسافروں کے لیے سفر کو زیادہ تیز، محفوظ اور آسان بنا سکیں۔





