ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں واقع البحار ٹاورز جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی اور روایتی عرب فنِ تعمیر کا منفرد امتزاج ہیں۔ اپنی غیر معمولی ساخت کے باعث مشہور یہ عمارتیں کسی کو انناس جبکہ کسی کو شہد کے چھتے جیسی دکھائی دیتی ہیں۔
البحار ٹاورز دو بلند عمارتوں پر مشتمل ہیں، جن میں سے ہر ایک 29 منزلوں اور 145 میٹر بلندی کی حامل ہے۔ ان کی تعمیر 2012 میں مکمل ہوئی۔ معروف آرکیٹیکچر فرم ایڈاس اور انجینئرنگ کمپنی اروپ نے مشترکہ طور پر ان کا ڈیزائن تیار کیا۔ ایک ٹاور میں ابوظہبی انویسٹمنٹ کونسل جبکہ دوسرے میں الہلال بینک کا مرکزی دفتر قائم ہے۔
ٹاورز کی سب سے نمایاں خصوصیت بیرونی حصے پر نصب 2 ہزار سے زائد چھتری نما پینلز ہیں، جو سورج کی حرکت کے مطابق کھلتے اور بند ہوتے ہیں۔ جدید خودکار نظام کے ذریعے چلنے والے یہ پینلز براہِ راست دھوپ کی شدت کم کرتے، عمارت کے اندر قدرتی روشنی برقرار رکھتے اور ایئر کنڈیشننگ کی ضرورت گھٹانے میں مدد دیتے ہیں۔
ان عمارتوں کا ڈیزائن روایتی عرب گھروں میں استعمال ہونے والی لکڑی کی جالیوں، جنہیں مشربیہ کہا جاتا ہے، سے متاثر ہے۔ یہ روایتی طرزِ تعمیر سایہ فراہم کرنے اور ہوا کی آمدورفت برقرار رکھنے کے لیے مشہور ہے۔
البحار ٹاورز کو ان کے اختراعی اور ماحول دوست ڈیزائن پر عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی۔ 2013 میں انہیں مشرقِ وسطیٰ کے بہترین مجموعی منصوبے کا اعزاز دیا گیا، جبکہ یہ بلند عمارتوں کے جدید تصورات کو اجاگر کرنے والی عالمی فہرست ’’انوویٹو 20‘‘ میں بھی شامل ہیں۔
البحار ٹاورز اس بات کی نمایاں مثال ہیں کہ روایتی عرب ثقافت کو جدید انجینئرنگ کے ساتھ ملا کر ایسی عمارتیں تعمیر کی جا سکتی ہیں جو خوب صورتی، توانائی کی بچت اور صحرائی موسم کے تقاضوں کو بیک وقت پورا کریں۔





