دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں کاروباری مالیاتی خدمات کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے لیے لولو فنانشل ہولڈنگز اور مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی پرپل پلم نے شراکت داری کر لی ہے۔ اس اقدام کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مختلف مالیاتی خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر میسر آئیں گی۔
لولو منی بزنس کے تحت کاروباری ادارے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے، ادائیگیاں کرنے، بین الاقوامی رقوم منتقل کرنے، کارڈز استعمال کرنے اور ملازمین کی تنخواہوں کے انتظام جیسی سہولیات ایک مربوط نظام کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔ اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام بھی استعمال کیا جائے گا۔
شراکت داری کے پہلے مرحلے میں ڈیجیٹل کاروباری اکاؤنٹس متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک سے لائسنس یافتہ اسلامی بینک رویا کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری اداروں کو مختلف مالیاتی خدمات کے لیے الگ الگ نظام استعمال کرنے کی ضرورت کم کرنا اور ان کے مالیاتی امور کو زیادہ منظم بنانا ہے۔
لولو فنانشل ہولڈنگز کے منیجنگ ڈائریکٹر ادیب احمد کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور موجودہ مالیاتی ڈھانچے کو یکجا کرکے کاروباری اداروں کے لیے خدمات کو زیادہ آسان، مربوط اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ فراہم کردہ اعلامیے کے مطابق ملک میں ایسے کاروباروں کی تعداد تقریباً 13 لاکھ 30 ہزار ہے، جو مجموعی قومی پیداوار میں 63 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اور نجی شعبے کی 85 فیصد سے زائد ملازمتوں سے وابستہ ہیں۔
منصوبے کے مستقبل کے مراحل میں کاروباری قرضوں، تجارتی فنانسنگ، کارپوریٹ کریڈٹ، وصولیوں اور ادائیگیوں کے انتظام اور مالیاتی امور کی خودکاری جیسی سہولیات شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ دونوں کمپنیوں کی طویل مدتی حکمتِ عملی میں اس نظام کو خلیجی ممالک، بھارت اور ایشیا پیسیفک کی دیگر منڈیوں تک وسعت دینے کے امکانات بھی شامل ہیں۔
پرپل پلم کے شریک بانی کلیان کارتیک سداشیونی کے مطابق مصنوعی ذہانت مستقبل میں مالیاتی اداروں کے نظام، صارفین کی معاونت، ادائیگیوں اور دیگر کاروباری کارروائیوں کو مزید جدید بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔





