ابوظہبی (جانب منزل نیوز) لولو ہائپر مارکیٹ نے متحدہ عرب امارات میں ورلڈ فوڈ فیسٹیول کے دوسرے سیزن کا آغاز کر دیا، جس کا مقصد مختلف ممالک کے کھانوں اور ثقافتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متعارف کرانا ہے۔ فیسٹیول کا افتتاح ابوظبی کے مال ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں کیا گیا، جہاں مختلف عالمی پکوان پیش کیے گئے۔
گلف نیوز کے مطابق افتتاحی تقریب میں معروف اماراتی شیف اور ثقافتی سفیر سمیہ عبید، لولو انتظامیہ، علاقائی عہدیداروں اور شراکت داروں نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف کھانوں کے اسٹالز کا دورہ کیا گیا اور روایتی دم بریانی کی خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
فیسٹیول کے دوران لولو کے ان ہاؤس کچن کی چھ نئی مصنوعات متعارف کرائی گئیں، جن میں یمنی ہنی کومب بریڈ، فرانسیسی کریم کیریمل، خصوصی کیک، ہائی پروٹین ہمس باؤل، بٹر چکن پاستا اور لیزانیا، جبکہ کوریائی باربی کیو چکن رائس بال شامل ہیں۔
ورلڈ فوڈ فیسٹیول 26 اکتوبر سے 8 نومبر 2026 تک متحدہ عرب امارات کے تمام لولو اسٹورز میں جاری رہے گا۔ اس دوران بھارتی، عربی، چینی، کانٹی نینٹل اور فلپائنی کھانوں کے ساتھ منتخب اسٹورز میں بین الاقوامی شیفس کے لائیو کوکنگ مظاہرے بھی ہوں گے۔
فیسٹیول کے تحت لولو ماسٹر شیف مقابلے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کے گھریلو باورچی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ صارفین کو گروسری، تازہ اشیا، گوشت، سمندری خوراک اور گھریلو مصنوعات پر خصوصی رعایتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ 100 درہم کی خریداری کرنے والے صارفین ’’10,000 ٹرالیز وی پے بیک‘‘ پروموشن میں حصہ لے سکیں گے، جس کے تحت خریداری کی ٹرالی کی مالیت جیتنے کا موقع ملے گا۔
منتظمین کے مطابق فیسٹیول کا مقصد متحدہ عرب امارات کی ثقافتی رنگارنگی کو اجاگر کرنا اور مختلف قومیتوں کو عالمی کھانوں کے ذریعے قریب لانا ہے۔





