ابوظہبی ( جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں کے اندر مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے منصوبے کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت 2031 تک 2 ہزار سے زائد اماراتی شہریوں کو تدریسی شعبے میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
ابوظہبی محکمہ تعلیم و علم نے نجی تعلیمی اداروں میں اماراتی شہریوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی ہے۔ اس منصوبے میں وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن اور اماراتی ٹیلنٹ مسابقتی کونسل سمیت متعدد سرکاری و نجی ادارے تعاون کریں گے۔
منصوبے کے تحت طعلیم 200 سے زائد، سابِس 150 سے زائد، جیمز ایجوکیشن 120 سے زائد، انٹرنیشنل کمیونٹی اسکولز 77 سے زائد اور لیوا ایجوکیشن 61 سے زائد اماراتی اساتذہ بھرتی کرنے کے لیے مواقع فراہم کرے گی۔
ابتدائی مرحلے میں عربی، اسلامیات اور سماجی علوم کے اساتذہ کی بھرتی پر توجہ دی جائے گی، جبکہ اگلے پانچ برسوں کے دوران اماراتی شہریوں کی تربیت، پیشہ ورانہ قابلیت اور ملازمت کے مواقع میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت ابوظہبی کے نجی اسکولوں میں اماراتی اساتذہ کی بھرتی کے لیے خصوصی اہداف بھی مقرر کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد مقامی افرادی قوت کو فروغ دینا، تعلیمی معیار بہتر بنانا اور نوجوان اماراتیوں کے لیے طویل مدتی پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس سے قبل مئی 2026 میں الدار ایجوکیشن کے ساتھ بھی معاہدہ کیا گیا تھا، جس کے تحت اماراتی ماہرینِ تعلیم کے لیے 300 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کا عہد کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام تعلیمی شعبے میں اماراتی شہریوں کی نمائندگی بڑھانے اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ معیاری تعلیمی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔





