راولپنڈی (جانب منزل نیوز) سری لنکا نے ٹرائی سیریز کے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو شکست دے کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔ سری لنکن ٹیم نے 430 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایک گیند قبل ہدف حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 429 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ انگلش بیٹرز نے سری لنکن بولنگ اٹیک کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی۔ کپتان ہیری بروک نے ڈبل سنچری اسکور کرکے تاریخ رقم کی اور ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے انگلش کپتان بن گئے۔ بینٹن اور ڈکٹ نے بھی نمایاں بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی، جبکہ ول جیکس نے صرف 30 گیندوں پر دھواں دار اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی اننگز میں 13 چھکے اور 48 چوکے لگائے گئے، جبکہ 429 رنز پاکستان میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی ٹیم کا پہلا 400 سے زائد رنز کا مجموعہ قرار دیا گیا۔
جواب میں سری لنکن بیٹرز نے دباؤ کا بھرپور مقابلہ کیا اور ہدف کے تعاقب میں غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا۔ رتھنائیکے نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ شناکا اور فرنینڈو نے 97، 97 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی امیدیں برقرار رکھیں۔ جانتھ لیاناگے نے بھی میچ وننگ نصف سنچری اسکور کرکے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
سری لنکا نے آخری اوورز میں مطلوبہ رنز حاصل کرکے انگلینڈ کے بڑے اسکور کو ناکام بنا دیا۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ سری لنکن ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں بڑے ہدف کے کامیاب تعاقب کی فہرست میں دوسرا بڑا کارنامہ انجام دے دیا۔





