ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا اور اپنے بلاگ پر اپ ڈیٹس دینے سے عارضی وقفہ لینے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد مداحوں میں ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 84 سالہ امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں مذہبی تہوار کی مبارک باد دی اور باقاعدگی سے تحریر نہ کر پانے پر مداحوں سے معذرت کی۔ اداکار نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل اور پُرسکون آرام کرنے اور فی الحال بات چیت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے پیغام میں طبی وقفے کی وجہ کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں، جس کے باعث مداح ان کی صحت کے حوالے سے فکر مند ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اداکار کے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کے فیصلے کو حالیہ سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے دوران ملزمان کی جانب سے عامر خان، اکشے کمار اور امیتابھ بچن کی رہائش گاہوں کی مبینہ ریکی کیے جانے کا انکشاف بھی سامنے آیا تھا۔





