کوئٹہ (جانب منزل نیوز) رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات اور الزام تراشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں غیر ذمہ دارانہ بیانات اور بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔ موجودہ حالات میں تدبر، تحمل اور قومی یکجہتی کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے سب سے مقدم ہے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ دفاعی صلاحیت ہو یا سفارتی میدان، پاکستان کامیابیوں کے سفر پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرتا ہے تو دشمن سرگرم ہو جاتے ہیں اور ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ ان حالات میں سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مولانا فضل الرحمان سے مثبت، تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کی توقع رکھتی ہے۔ یہ وقت باہمی اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کا ہے۔
رکن بلوچستان اسمبلی نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کی خدمات کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہمیشہ ریاست کی بات کی ہے اور شہداء کے اہل خانہ تک پہنچ کر ان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حالات کا آپس میں موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ فرح عظیم شاہ نے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کا مسئلہ عارضی ثابت ہوگا اور جلد ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے سیاسی قیادت کو ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے۔





