اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا، جہاں معزز مہمان کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مالدیپ کے صدر کو سلامی پیش کی اور گارڈ آف آنر دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان مصافحہ ہوا اور خوش گوار جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔ مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے وفد کے ارکان سے متعارف کرایا، جبکہ وزیراعظم نے بھی صدر معیزو کو اپنی کابینہ کے ارکان سے متعارف کروایا۔
واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ اس دورے سے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پیدا ہوں گے۔





