لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی ویٹرنز کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لیے حکومت پاکستان کی اجازت نہیں مل سکی۔
اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں منعقد ہونا ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں ہونے والا اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا اور اسے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرنا تھا۔
چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان کے مطابق بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی فراہمی اور اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس کے باوجود پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کو حکومت کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں مل سکی۔
فواد اعجاز خان نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت طلب کی تھی، جس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرکت کی اجازت نہ دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اجازت نہ ملنے کے باعث ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایسوسی ایشن حکومت پاکستان کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی عدم شرکت کے فیصلے کے نتیجے میں دفاعی چیمپئن ٹیم آئندہ ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کر سکے گی۔





