ملتان (جانب منزل نیوز) ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق ملزم توقیر نذیر نے پیر کے روز کار کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ مقتول یتیم بچہ ملزم کے مبینہ غیر انسانی رویے سے تنگ آ کر اس کے پاس کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا، تاہم ملزم پولیس کی تحویل سے فرار ہو گیا۔
عرفان اکبر کے مطابق ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔
واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے بھی ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ معصوم یتیم بچے کی ہلاکت کے اندوہناک واقعے پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کی فضا تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔





