واشنگٹن (جانب منزل نیوز) امریکی ریاست ورجینیا میں شوہر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے لاٹری ٹکٹ نے خاتون کی قسمت بدل دی، خوش قسمت خاتون نے 5 لاکھ 77 ہزار 777 ڈالر کا انعام جیت لیا، جو پاکستانی کرنسی میں 16 کروڑ روپے سے زائد بنتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورجینیا کے علاقے بیڈفورڈ کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے دو لاٹری ٹکٹ خریدے اور دونوں اپنی اہلیہ کو تحفے میں دے دیے۔ خاتون نے جب ٹکٹ کھرچ کر دیکھے تو ان میں سے ایک پر سب سے بڑا انعام نکل آیا۔
ورجینیا لاٹری حکام سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ شوہر کی جانب سے دیا گیا تحفہ ان کے لیے خوش قسمتی کا باعث بن گیا۔ اچانک اتنی بڑی رقم جیتنے پر ان کی خوشی دیدنی تھی۔
انعامی رقم کے استعمال سے متعلق سوال پر خاتون نے بتایا کہ وہ جیتی گئی رقم کا کچھ حصہ سیاحت پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ لاٹری حکام نے خوش قسمت جوڑے کے نام ظاہر نہیں کیے۔ شوہر کی جانب سے محبت کے اظہار کے لیے دیا گیا ایک چھوٹا سا تحفہ خاتون کے لیے کروڑوں روپے کی خوشی کا سبب بن گیا۔





