کولمبو (جانب منزل نیوز) کرکٹ کی دنیا میں ایک منفرد فارمیٹ ٹیسٹ ٹوئنٹی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلیں گے، تاہم دونوں کی کارکردگی کو ٹیم کے مجموعی اسکور میں شامل کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے شہر کولمبو میں منعقد ہوگا، جس میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے۔ کھلاڑیوں کو چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے۔
نئے فارمیٹ کے تحت لڑکے اپنے مقابلوں میں لڑکوں کے خلاف، جبکہ لڑکیاں لڑکیوں کے مدمقابل ہوں گی۔ دونوں کی اننگز میں بنائے گئے رنز کو یکجا کرکے ٹیم کا مجموعی اسکور مرتب کیا جائے گا اور اسی بنیاد پر میچ کے نتیجے کا فیصلہ ہوگا۔
ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا۔ ابتدائی 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ بقیہ 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ ہوں گے۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ کا فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے





