پشاور (جانب منزل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر کل پشاور کا دورہ کریں گے، جہاں وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے اور ترقیاتی امور سے متعلق اہم اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کے دورہ پشاور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی کل آمد متوقع ہے۔ یہ دورہ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ہو رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں انہیں دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں، امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات اور صوبے کی سیکیورٹی ضروریات پر بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا کے چار جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے، پائیدار امن اور ترقی کے لیے قائم ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر انہیں کونسل کی ذمہ داریوں، فرائض اور ترجیحات سے آگاہ کیا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی وزیراعظم کو صوبے میں گندم اور آٹے کی قلت، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، امن و امان، انفراسٹرکچر اور دیگر درپیش مسائل سے بھی آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم کے دورے کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مؤثر بنانے اور صوبے کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔





