پشاور (جانب منزل نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں اسکولوں کی عمارتوں کا تفصیلی تکنیکی معائنہ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو 26 اکتوبر تک جامع معائنہ رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
محکمہ ایلیمنٹری و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے محکمہ مواصلات و تعمیرات سے تمام اضلاع کے لیے اہل تکنیکی ٹیمیں نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔
یہ فیصلہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں الخیر ایجوکیشن سسٹم کے کلاس روم کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں کیا گیا، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ طلبہ اور اساتذہ بھی زخمی ہوئے تھے۔
جاری مراسلے کے مطابق نامزد تکنیکی ٹیمیں ضلعی تعلیمی حکام کے تعاون سے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔ معائنے کے دوران چھتوں، دیواروں، شہتیروں، بنیادوں، سیڑھیوں اور عمارت کے دیگر تعمیراتی حصوں کی مضبوطی جانچی جائے گی، جبکہ ممکنہ نقائص اور حفاظتی خطرات کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق معائنے کے نتائج کی بنیاد پر اسکولوں کی عمارتوں کو تین مختلف زمروں میں تقسیم کیا جائے گا، تاکہ ان کی ساختی حالت اور حفاظتی ضروریات کا تعین کیا جا سکے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی عمارت سے طلبہ، اساتذہ یا دیگر عملے کی جان کو فوری خطرہ لاحق ہوا تو تکنیکی ٹیمیں مکمل سروے کا انتظار کیے بغیر متعلقہ ضلعی حکام کو آگاہ کریں گی۔
خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں کے حوالے سے فوری حفاظتی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ ان اقدامات میں عمارت تک رسائی محدود کرنا یا اس کا استعمال عارضی طور پر معطل کرنا شامل ہو سکتا ہے، تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ہدایت کے مطابق معائنے کے بعد ہر اسکول کے لیے بلڈنگ سیفٹی کلیئرنس سرٹیفکیٹ یا این او سی بھی جمع کرانا ہوگا۔ جامع رپورٹس میں عمارتوں کی درجہ بندی، سامنے آنے والے تعمیراتی نقائص، ممکنہ خطرات اور ان کے تدارک کے لیے تجویز کردہ اصلاحی اقدامات کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات کو پابند کیا گیا ہے کہ تمام اضلاع کی رپورٹس مقررہ تاریخ اور وقت تک جمع کرائی جائیں۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ معائنے کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کسی بھی خطرناک عمارت کے بارے میں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔
حکومتی اقدامات کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں میں محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور عمارتوں کی خستہ حالی کے باعث طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو پیش آنے والے ممکنہ خطرات کی بروقت روک تھام کرنا ہے۔





