ملتان (جانب منزل نیوز) ملتان میں شیر شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے حادثے کے بعد ڈاؤن ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ اپ ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 27 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 22 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن خالد خان کے مطابق ڈاؤن ٹریک پر موجود رحمان بابا ایکسپریس کی تمام بوگیاں ہٹا دی گئی ہیں، جس کے بعد ٹریک کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔ اپ ٹریک حادثے کے باعث جزوی طور پر متاثر ہوا ہے اور اس کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے
ریلوے حکام کے مطابق اپ ٹریک مکمل طور پر بحال ہونے تک ملتان سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو ڈاؤن ٹریک سے گزارا جائے گا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت اسی ٹریک کے ذریعے جاری رہے گی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک نامعلوم مرد، اسماء، شکیلہ بی بی، سائرہ بی بی اور دو سالہ بچی شفا شامل ہیں۔ زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی
دوسری جانب وزیر ریلوے حنیف عباسی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جاں بحق اور زخمی مسافروں کے لواحقین کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافروں کی مدد اور ٹرین آپریشن کی مکمل بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اپ ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد معمول کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کی جائے گی۔





