دبئی (جانب منزل نیوز) علاقائی کشیدگی اور عالمی کاروباری غیر یقینی صورتحال کے باوجود دبئی نے لگژری میرین انڈسٹری میں اپنی عالمی اہمیت برقرار رکھی ہے۔ 32واں دبئی انٹرنیشنل بوٹ شو 25 سے 29 نومبر تک دبئی ہاربر میں منعقد ہوگا، جہاں 100 سے زائد لگژری یاٹس اور واٹرکرافٹ نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
ایونٹ میں 25 ممالک کی 300 سے زائد کمپنیاں اور برانڈز شرکت کریں گے، جبکہ عالمی شہرت یافتہ یاٹ ساز ادارے اپنی جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی متعارف کرائیں گے۔
نمائش میں بڑی اور جدید یاٹس، الیکٹرک اور ہائبرڈ ٹیکنالوجی، سولر پاور سسٹمز اور ماحول دوست سمندری سفری سہولیات خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گی۔ نوجوان اور نئے امیر خریداروں کی جانب سے بھی جدید اور بڑی یاٹس میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
یو اے ای کی مقامی میرین انڈسٹری بھی عالمی مارکیٹ میں قدم مضبوط کر رہی ہے۔ راس الخیمہ میں یاٹس تیار کرنے والی کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت اور مقامی سپلائی نیٹ ورک میں توسیع جاری ہے۔
دبئی کا یہ عالمی شو نہ صرف لگژری طرزِ زندگی کی جھلک پیش کرے گا بلکہ یو اے ای کو عالمی یاٹ مینوفیکچرنگ اور میرین ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر آگے بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔





