شارجہ (جانب منزل نیوز) شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سماجی بہبود کے مستحقین کے لیے خصوصی مالی امداد کا اعلان کر دیا۔ فیصلے کے تحت ہر رجسٹرڈ مستحق فرد کو 20 ہزار درہم دیے جائیں گے، جبکہ اس امدادی پیکیج پر مجموعی طور پر 25 کروڑ درہم خرچ ہوں گے۔
شارجہ سوشل سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امدادی رقم چند گھنٹوں میں مستحقین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔
دوسری جانب شارجہ حکومت سے باہر ملازمت کرنے کے بعد ریٹائر ہونے والے 784 اماراتی شہریوں کے لیے بھی اضافی مالی گرانٹس منظور کی گئی ہیں، جس سے ان کی ماہانہ آمدن 20 ہزار درہم تک پہنچائی جائے گی۔
شیخ سلطان کے ان اقدامات کا مقصد مستحق خاندانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا، ریٹائرڈ شہریوں کی معاونت اور ہر فرد کے لیے باوقار معیارِ زندگی یقینی بنانا ہے۔





