کراچی (جانب منزل نیوز) کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کے لیے انگلینڈ کے اسٹار لیگ اسپنر عادل رشید کو ڈائریکٹ سائن کر لیا، تجربہ کار اسپنر کی شمولیت سے کنگز کے بولنگ اٹیک کو عالمی معیار کی تقویت ملنے کی امید ہے۔
ایک دہائی سے زائد عرصے تک انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ کا اہم ستون رہنے والے عادل رشید 330 سے زائد بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ ان کے نام 470 سے زائد انٹرنیشنل وکٹیں درج ہیں۔ اپنی جادوئی گوگلی، تیز ٹرن، بہترین کنٹرول اور بڑے میچوں میں وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت کے باعث وہ دنیا کے خطرناک لیگ اسپنرز میں شمار ہوتے ہیں۔
عادل رشید انگلینڈ کی 2019 ورلڈ کپ اور 2022 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہ چکے ہیں، جبکہ کرکٹ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں ایم بی ای اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے عادل رشید کی شمولیت کو ٹیم کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ، مہارت اور جیتنے کا جذبہ کنگز کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا۔
عالمی کرکٹ کے تجربے، مہلک لیگ اسپن اور بڑے مقابلوں میں ثابت شدہ کارکردگی کے ساتھ عادل رشید کی آمد نے کراچی کنگز کے پی ایس ایل 12 کے لیے مضبوط عزائم کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔





