لاہور (جانب منزل نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں کھل کر بحث کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کی تشکیل نو، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی نمائندگی جیسے اہم معاملات پر سیاسی جماعتیں اپنا واضح مؤقف سامنے لائیں۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوامی رائے لینا اور صوبوں کی حدود تبدیل کرنا دو الگ معاملات ہیں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے حوالے سے عوامی رائے نہیں لی جا سکتی۔ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے تو 2012 میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں کیوں منظور کی گئیں؟
ملک محمد احمد خان نے پیپلز پارٹی کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت اور سندھ میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کس منطق کے تحت کی جا رہی ہے؟ سیاسی جماعتوں کو اپنے مؤقف اور اس کی وجوہات عوام کے سامنے واضح کرنی چاہئیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر آئینی تشریح درکار ہو تو آئینی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے، عدالت کو آئین دوبارہ لکھنے کے بجائے اس کی تشریح کرنی چاہیے۔ پنجاب اسمبلی میں اس معاملے پر بحث اپوزیشن کا آئینی حق ہے اور ایوان میں اس موضوع پر بات ہونی چاہیے۔
ملک محمد احمد خان نے ریفرنڈم کے آئینی اختیار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ براہ راست جمہوریت اور نمائندہ جمہوریت دونوں کی اپنی اہمیت ہے، وزیراعظم پارلیمنٹ میں ریفرنڈم کا معاملہ پیش کریں، سیاسی جماعتیں بحث کے بعد فیصلہ کر سکتی ہیں کہ ریفرنڈم ہونا چاہیے یا نہیں، جبکہ اس کے سوالات اور متعلقہ علاقوں کا تعین بھی پارلیمنٹ کر سکتی ہے۔
ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ صرف انتظامی اخراجات تک محدود نہیں بلکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی ریاست میں شمولیت سے جڑا ہے، وسائل کی غیر مساوی تقسیم احساسِ محرومی اور تفاوت کو بڑھاتی ہے، شہریوں کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنا چاہیے، جبکہ وزیراعظم کو سنجیدہ قومی معاملات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مناسب وقت دیا جانا چاہیے۔





