بیجنگ (جانب منزل نیوز) پاکستان کے خلائی پروگرام میں تاریخی پیش رفت سامنے آگئی، پہلے پاکستانی خلا نورد کی خلائی پرواز کے سلسلے میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے، جہاں وہ تاریخی مشن کی روانگی سے متعلق تقریب میں شرکت کریں گے۔
احسن اقبال کے مطابق پاکستان کا پہلا خلا نورد چینی خلائی اسٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا، جو دونوں ممالک کے سائنسی تعاون میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔
خلائی مشن کے لیے دو پاکستانی خلا نوردوں کی تربیت مکمل ہوچکی ہے، جبکہ حتمی امیدوار کا انتخاب پرواز سے قبل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کل دونوں تربیت یافتہ خلا نوردوں سے ملاقات بھی کریں گے۔
پروفیسر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلا نورد کی تاریخی پرواز پاک چین فولادی دوستی کی نئی علامت ہوگی، یہ پاکستان کی ایسی تاریخی اُڑان ہے جو نوجوانوں کے خوابوں کو خلا کی وسعتوں تک پہنچائے گی۔





