دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو نئی رفتار دیتے ہوئے معدے اور جگر کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ مصنوعی ذہانت، روبوٹک آلات اور جدید ادویات کے ذریعے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
دبئی میں 20 سے 22 نومبر تک منعقد ہونے والی ایمریٹس گیسٹروانٹرولوجی اینڈ ہیپاٹولوجی سوسائٹی کانفرنس 2026 میں یو اے ای، خلیجی ممالک اور دنیا بھر کے طبی ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں جدید تشخیصی نظام، جگر کے امراض کے علاج، سائنسی تحقیق اور مستقبل کی میڈیکل ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایمریٹس ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر یوسف محمد السرکل کے مطابق یو اے ای کا لچکدار طبی اور قانونی نظام نئی ٹیکنالوجیز کو آزمانے اور منظور شدہ معیار کے تحت صحت کی سہولیات میں شامل کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیصی آلات اور سافٹ ویئر بھی متعلقہ اداروں کی نگرانی میں متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
کانفرنس کے صدر ڈاکٹر عبداللہ الحسنی نے جگر کی چربی اور فائبروسس کے علاج میں ہونے والی پیش رفت کو اہم قرار دیا۔ ان کے مطابق نئی ادویات سے خصوصاً فائبروسس کے گریڈ 2 اور 3 کے مریضوں کے علاج میں بہتر امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ کانفرنس میں یو اے ای میں منظور ہونے والی نئی دوا ریس می روم (Resmetirom) پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس کے مطالعات میں جگر کے فائبروسس میں بہتری کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
طبی ماہرین نے اینڈوسکوپی، کولونوسکوپی اور پیچیدہ طبی طریقہ کار میں روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی مستقبل کی اہم پیش رفت قرار دیا۔
ایمریٹس میڈیکل ایسوسی ایشن کی صدر شیخہ ڈاکٹر نورہ القاسمی کا کہنا تھا کہ یو اے ای طبی تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدت پر سرمایہ کاری کے ذریعے عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں اپنا مقام مضبوط بنا رہا ہے۔
کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کا بنیادی مقصد بیماریوں کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور مریضوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔





