راولپنڈی (جانب منزل نیوز) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن سے قبل فرنچائز دی پنڈیز (The Pindiz) نے نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو تراشنے اور انہیں بڑے کرکٹ پلیٹ فارم تک پہنچانے کے لیے Pindiz NextGen پروگرام متعارف کرا دیا۔
ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 26 نومبر سے یکم دسمبر 2026 تک راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے، جہاں ملک بھر کے نوجوان کھلاڑی اپنی کرکٹ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے فرنچائز کے سلیکشن پینل کو متاثر کرنے کا موقع حاصل کریں گے۔
فرنچائز کے مالک احسن طاہر نے لاہور قلندرز کے کامیاب پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام اور عاطف و ثمین رانا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور تربیت کے اس سلسلے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کی سربراہی میں سلیکشن پینل باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا، جنہیں پروفیشنل کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ منتخب کھلاڑیوں کے لیے پی ایس ایل 12 کے آکشن میں جگہ بنانے کا موقع ان کے کرکٹ سفر کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔
Pindiz NextGen نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو منوانے، تربیت حاصل کرنے اور پاکستان کی بڑی کرکٹ لیگ میں جگہ بنانے کا ایک اہم موقع بن کر سامنے آیا ہے۔





