اسلام آباد (جانب منزل نیوز) نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی بحث تیز، وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیاستدانوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی معاملات پر بات کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں حالات خراب ہونے کا تاثر سیاسی مقاصد کے لیے پیدا کیا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو نئے صوبوں کے قیام پر کوئی تحفظات نہیں، وزیراعظم بھی اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے خواہاں ہیں اور صدر مملکت سمیت مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، پیپلز پارٹی اتفاق نہ بھی کرے تو معاملے کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے، سیاسی راستے بند کرنا ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر میں نئے صوبے بنتے رہتے ہیں، اس معاملے پر سیاسی مکالمہ ہونا چاہیے، خون خرابے کی باتیں کرنے سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ معاملے کو کس سمت لے جایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آرہے ہیں، جبکہ ملک میں ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، جس میں دیگر شراکت دار بھی موجود ہیں۔





