راولپنڈی (جانب منزل نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر حاضری دے کر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ افسران اور جوانوں سے ملاقات میں ان کی بلند حوصلگی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی بہادری اور دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کو فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط تعاون کے ذریعے دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے اور خیبرپختونخوا میں پائیدار امن قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





