کوئٹہ (جانب منزل نیوز) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دورے کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے تربت میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہیں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران بلوچستان میں جاری سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔





