ابوظہبی (جانب منزل نیوز) جدید طرزِ تعمیر، پائیدار ترقی اور عالمی معیار کے رہائشی منصوبوں کا اعتراف، اماراتی کمپنی نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کی معروف رئیل اسٹیٹ کمپنی برٹ وِل ڈیولپمنٹس نے 2026-2027 کے عربین پراپرٹی ایوارڈز میں 10 اعزازات حاصل کرکے نمایاں کامیابی اپنے نام کرلی۔
کمپنی نے گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ایوارڈز حاصل کیے۔ پانچ مختلف رہائشی منصوبوں کو بہترین آرکیٹیکچرل ڈیزائن، تعمیراتی جدت اور پائیدار ترقی کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔
نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے منصوبوں میں باب القصر بیچ ریزورٹ ریزیڈنس 77 نے چار ایوارڈز حاصل کیے، جبکہ باب القصر گارڈن ریزیڈنس 65 کو تین اعزازات ملے، جس میں ابوظہبی کا بہترین پائیدار رہائشی منصوبہ بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ باب القصر سی ویو ریزیڈنس 51 اور وِلے 11 کو بھی تعمیراتی ڈیزائن اور منصوبہ بندی کے شعبوں میں اعزازات دیے گئے۔
ایوارڈز کی تقریب رواں ماہ لندن میں منعقد ہوئی، جہاں علاقائی اور عالمی رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
کامیابی ابوظہبی کی عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی اہمیت، جدید تعمیراتی وژن اور ماحول دوست رہائشی منصوبوں کی جانب پیش رفت کو اجاگر کرتی ہے۔





