ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے سالانہ حکومتی اجلاسوں کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی ٹیم کی بھرپور پذیرائی کرتے ہوئے ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے اجلاس کے منتظمین سے ملاقات میں کہا کہ سالانہ حکومتی اجلاس محض ایک تقریب نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کی قومی کامیابیوں کا جائزہ لینے، مستقبل کے اہداف طے کرنے اور ترقی کے نئے راستے تلاش کرنے کا اہم پلیٹ فارم بن چکے ہیں۔
انہوں نے حکومتی اداروں کے درمیان مضبوط اشتراکِ عمل اور ٹیم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر حکومتی نظام کی تشکیل، جدت اور مسلسل بہتری کے لیے باہمی تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
یو اے ای صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے باصلاحیت افراد پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے منتظمین کی ٹیم کے لیے مزید کامیابیوں اور روشن مستقبل کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔





