بارسلونا (جانب منزل نیوز) منڈی بہاؤالدین کی معروف کاروباری و سیاسی شخصیت چوہدری صبح رسول گوندل کی اسپین آمد کے موقع پر مہمان کوزین ریسٹورنٹ، سانتا کولوما میں شاندار اور پُرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ظہرانہ اوورسیز فورم اسپین کے صدر چوہدری صابر تارڑ کی جانب سے دیا گیا۔

چوہدری صبح رسول گوندل، چوہدری عاصم شیراز گوندل، چوہدری قاسم صبح گوندل کے والد ہیں۔ تقریب میں سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا مراد علی وزیر، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی چوہدری سالک محمود، صدارتی ایوارڈ یافتہ (تمغہ امتیاز) ممتاز بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر، چوہدری شعیب ورک، چوہدری عمران چھوکر کلاں سمیت قریبی دوستوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر فرانس سے خصوصی طور پر چوہدری اسد علی تارڑ، چوہدری قاسم صبح گوندل اور چوہدری ہمایوں سکندر وڑائچ نے بھی شرکت کی اور چوہدری صبح رسول گوندل کو اسپین آمد پر خوش آمدید کہا۔ ظہرانے کے دوران شرکاء نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے باہمی روابط، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار اور پاکستان و اسپین کے درمیان کمیونٹی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔

میزبان چوہدری صابر تارڑ نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے چوہدری صبح رسول گوندل کی اسپین آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان اس نوعیت کی ملاقاتیں باہمی رابطوں، بھائی چارے اور کمیونٹی میں اتحاد کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں۔








