اسپین (جانب منزل نیوز) پاکستان نے عالمی زیتون برادری میں اپنی جگہ بنا لی، اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں انٹرنیشنل اولیو کونسل (IOC) کے مرکزی دفتر میں پاکستان کا قومی پرچم لہرا دیا گیا۔ اس تاریخی تقریب کو پاکستان کے زرعی شعبے اور زیتون کی صنعت کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
سفیر پاکستان برائے اسپین ڈاکٹر ظہور احمد نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کا قومی پرچم بلند کیا، جبکہ کونسل کے ’’گارڈن آف پیس‘‘ میں پاکستان کی نمائندگی کے طور پر زیتون کا پودا بھی لگایا۔ تقریب میں رکن ممالک کے سفیروں، سفارتی نمائندوں، اسپین کی وزارت خارجہ اور وزارت زراعت کے اعلیٰ حکام سمیت عالمی شخصیات اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ اور مستقبل کے منصوبوں پر مبنی خصوصی ویڈیو بھی پیش کی گئی۔ انٹرنیشنل اولیو کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جائمے لیلو نے پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہوئے زیتون کی کاشت اور پیداوار کے شعبے میں ملک کی استعداد کو سراہا۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ اور ان کسانوں کی محنت کا اعتراف ہے جنہوں نے بنجر اور غیر استعمال شدہ زمینوں پر زیتون کی کاشت کو فروغ دیا۔ ان کے مطابق زیتون کی کاشت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، پانی کے مؤثر استعمال، دیہی معیشت کی بہتری اور خوردنی تیل کی درآمدات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے مئی 2026 میں انٹرنیشنل اولیو کونسل کی رکنیت حاصل کی تھی۔ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زیتون کی کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
پاکستان کی اس عالمی رکنیت سے جدید زرعی ٹیکنالوجی، تحقیق، ماہرین کی تربیت، بین الاقوامی معیار اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ یہ پیش رفت پاکستانی زیتون کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور زرعی معیشت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔





