واشنگٹن (جانب منزل نیوز) دنیا میں ایک ایسا منفرد قصبہ بھی موجود ہے جہاں رہنے والے افراد کو ہر سال دو ماہ سے زائد عرصے تک سورج کی روشنی دیکھنا نصیب نہیں ہوتی۔ امریکی ریاست الاسکا کے شمالی علاقے میں واقع قصبے اُتقیاگوک (Utqiagvik) میں 18 نومبر سے 65 روزہ طویل قطبی رات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 18 نومبر 2026 کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 42 منٹ پر سورج غروب ہوگا، جس کے بعد 22 جنوری 2027 تک دوبارہ طلوع نہیں ہوگا۔ اس طرح قصبے کے تقریباً 4 ہزار 300 رہائشی مسلسل 65 دن تک سورج نکلنے کا منظر نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس قدرتی مظہر کی دلچسپ بات یہ ہے کہ سورج کی عدم موجودگی کے باوجود دوپہر کے وقت جنوبی افق پر ہلکی روشنی دکھائی دیتی رہے گی۔ مزید حیران کن امر یہ ہے کہ 23 جنوری کو سورج دوبارہ طلوع ہونے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے میں پھر غروب ہو جائے گا۔
اُتقیاگوک آرکٹک سرکل سے تقریباً 320 میل شمال میں واقع ہے اور الاسکا کے دیگر علاقوں سے کوئی مستقل سڑک اسے منسلک نہیں کرتی، یہاں پہنچنے کے لیے فضائی سفر کرنا پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس منفرد قدرتی کیفیت کو ’’پولر نائٹ‘‘ یعنی قطبی رات کہا جاتا ہے، جو زمین کے محوری جھکاؤ کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ موسم سرما میں آرکٹک خطے کے بعض علاقوں میں سورج کئی ہفتوں تک افق سے اوپر نہیں آتا۔
اس کے برعکس موسم گرما میں اسی خطے میں سورج 24 گھنٹے آسمان پر چمکتا رہتا ہے، جسے ’’مڈنائٹ سن‘‘ یا آدھی رات کا سورج کہا جاتا ہے۔
قدرت کے یہ حیرت انگیز رنگ اُتقیاگوک کو دنیا کے منفرد ترین مقامات میں شامل کرتے ہیں، جہاں موسم سرما میں طویل تاریکی اور گرمیوں میں مسلسل دن کا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔





