لاہور (جانب منزل نیوز) پنجاب کے دیہی علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا گیا، حکومت نے 23 ارب 85 کروڑ روپے کے خوشحال دیہات پروگرام کی منظوری دے دی، جس کے تحت ہر گاؤں میں ترقیاتی منصوبوں پر 5 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 475 دیہات کی ترقی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں پختہ گلیوں کی تعمیر، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور منظم سیوریج سسٹم فراہم کیا جائے گا، تاکہ دیہی آبادی کو شہری طرز کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔
مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نومبر تک دیہی ترقیاتی کمیٹیوں کو فنڈز کی پہلی قسط جاری کردی جائے، جبکہ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے مزید 2 ہزار دیہات کا ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر گاؤں میں پختہ گلیاں اور بہتر سیوریج نظام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ شہری ہوں یا دیہی علاقے، ترقیاتی منصوبوں میں سیاسی وابستگی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر علاقے کے عوام کو ترقی اور بنیادی سہولیات کے حصول کا یکساں حق حاصل ہے، سیاسی اختلافات کو عوامی فلاح اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔





