امریکا (جانب منزل نیوز) امریکی ریاست میسوری میں ایک دلخراش حادثے نے ہنستا بستا گھرانہ سوگوار کر دیا، جہاں 36 سالہ خاتون فائر فائٹر سیر کے دوران پہاڑی چٹان سے تقریباً 50 فٹ نیچے گر کر زندگی کی بازی ہار گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق سارہ لانگسٹ منگل کے روز اپنی دوست کے ہمراہ پنیکل یوتھ پارک میں سیر کر رہی تھیں کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور گہری کھائی میں جا گریں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں دو بچوں کی ماں سارہ بے ہوشی کی حالت میں پڑی تھیں۔ انہیں فوری طبی امداد دی گئی اور زندگی بچانے کے لیے سی پی آر بھی کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
بون کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی شواہد میں حادثے کے علاوہ کسی دوسری وجہ کا اشارہ نہیں ملا۔
سارہ لانگسٹ انڈیپینڈنس فائر ڈپارٹمنٹ میں فائر فائٹر ہونے کے ساتھ خطرناک مواد سے نمٹنے کی ماہر بھی تھیں۔ انہوں نے مارچ 2025 میں محکمے میں خدمات کا آغاز کیا تھا۔





