سڈنی (جانب منزل نیوز) آسٹریلوی کرکٹ کے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق ایک اور اہم دعویٰ سامنے آگیا۔ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چاڈ سیئرز نے کہا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو گیند کی ساخت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیے جانے کا علم تھا۔
ریڈیو پروگرام ’ایس ای این‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چاڈ سیئرز نے بتایا کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں انہیں سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق آگاہی ہوئی تھی۔ ان کے مطابق ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے طریقوں پر بات ہوئی اور سینڈ پیپر استعمال کرنے کا منصوبہ بھی کھلاڑیوں کے علم میں تھا، جبکہ یہ ذمہ داری کیمرون بینکرافٹ کو دی گئی تھی۔
سابق فاسٹ بولر کا دعویٰ ہے کہ جب بینکرافٹ کو میدان میں سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تو انہیں اسے وہاں سے ہٹانے کے لیے کہا گیا۔ چونکہ وہ کھلاڑیوں کے لیے مشروبات لے کر میدان میں جا رہے تھے، اس لیے سینڈ پیپر انہیں دے دیا گیا تاکہ وہ اسے وہاں سے لے جائیں۔
چاڈ سیئرز نے مزید بتایا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں اسکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں تقریباً 60 سے 90 منٹ تک اجلاس ہوا، جس میں اجتماعی ذمہ داری کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حال ہی میں عثمان خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کر چکے ہیں کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے۔ کمنز نے خواجہ پر سابق ساتھی کھلاڑیوں کی ساکھ متاثر کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔





