آسٹریلیا (جانب منزل نیوز) قدرت کے رنگ بھی نرالے ہیں، کہیں دیوہیکل جانور تو کہیں ننھی سی مخلوق اپنی منفرد خصوصیات سے انسانوں کو حیران کر دیتی ہے۔ آسٹریلیا میں پایا جانے والا کوکا بھی ایسا ہی ایک دلچسپ جانور ہے، جسے اس کے مسکراتے چہرے کی بدولت ’’دنیا کا خوش ترین جانور‘‘ کہا جاتا ہے۔
کینگرو خاندان سے تعلق رکھنے والے اس ننھے جانور کا قد تقریباً ایک گھریلو بلی جتنا ہوتا ہے، تاہم اس کے چہرے کی قدرتی ساخت ایسی ہے کہ دیکھنے والے کو محسوس ہوتا ہے جیسے یہ ہر وقت مسکرا رہا ہو۔ یہی دلکش انداز اسے دنیا بھر میں منفرد شناخت دیتا ہے۔
مغربی آسٹریلیا، بالخصوص روٹنیسٹ آئی لینڈ میں پائے جانے والے کوکا اپنی ملنسار طبیعت کے باعث بھی مشہور ہیں۔ انسانوں سے زیادہ خوفزدہ نہ ہونے کی وجہ سے سیاح ان کے ساتھ سیلفیاں بناتے ہیں اور ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہوتی ہیں۔
سبزی خور جانور زیادہ تر رات کے وقت سرگرم رہتا ہے اور پتے، گھاس اور پھل کھاتا ہے۔ کینگرو کی طرح مادہ کوکا بھی اپنے بچے کو پیٹ پر موجود قدرتی تھیلی میں محفوظ رکھتی ہے۔
اپنی معصوم مسکراہٹ سے دنیا کو خوشیاں بانٹنے والے اس نایاب جانور کے تحفظ کے لیے آسٹریلیا میں خصوصی قوانین نافذ ہیں، تاکہ سیاحوں کی بڑھتی دلچسپی کے باوجود اس کی قدرتی زندگی اور بقا کو محفوظ بنایا جا سکے۔





