میانمار (جانب منزل نیوز) دریائے ایراوادی اور جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر آبی علاقوں میں پائی جانے والی آئیراواڈی ڈولفن اپنی منفرد جسمانی ساخت اور حیرت انگیز صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں توجہ کا مرکز ہے۔ عام ڈولفنز کے برعکس اس کی لمبی چونچ نہیں ہوتی بلکہ گول سر اور ابھرا ہوا ماتھا اسے ایک مسکراتا ہوا چہرہ عطا کرتا ہے۔
اس نایاب آبی مخلوق کی سب سے دلچسپ خوبی اس کا انوکھا اندازِ شکار ہے۔ یہ اپنے منہ سے پانی کی تیز دھار خارج کرکے مچھلیوں کو سطح آب پر لاتی یا انہیں ایک جگہ جمع کرتی ہے اور پھر آسانی سے اپنا شکار بنا لیتی ہے۔
میانمار کے دریائے ایراوادی کے علاوہ دریائے میکونگ اور جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا کے ساحلی علاقوں میں بھی اس کی موجودگی پائی جاتی ہے۔ ذہین اور ملنسار طبیعت کی حامل یہ ڈولفن بعض علاقوں میں مقامی ماہی گیروں کے ساتھ مل کر مچھلیاں پکڑنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
تاہم دریاؤں میں آلودگی اور ماہی گیری کے جالوں میں پھنسنے کے باعث اس خوبصورت آبی مخلوق کی بقا کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ قدرت کا یہ منفرد شاہکار تحفظِ جنگلی حیات کا منتظر ہے۔





