نواب شاہ (جانب منزل نیوز) ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کے دوران اہم سیاسی پیش رفت سامنے آگئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سکیورٹی صورتحال، سیاسی معاملات اور نئے صوبوں کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواب شاہ میں ہونے والی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ اس دوران ملک کی مجموعی صورتحال اور نئے صوبوں کے حوالے سے مختلف امور زیرِ غور آئے۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی رائے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریفرنڈم کرالیں، عوام کی خواہش ہو تو صوبے بنا لیے جائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اہم ہیں اور کسی بھی فیصلے میں اختلافات کو بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔





