دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی نے کھیلوں اور صحت کے شعبوں کو یکجا کرکے ایک منفرد مثال قائم کردی۔ میڈکیئر ہاسپٹلز اینڈ میڈیکل سینٹرز نے دبئی ریسنگ کلب کے ساتھ ہاتھ ملا لیا، جس کے تحت دبئی ریسنگ کارنیول 2026-27 اور دبئی ورلڈ کپ 2027 کے دوران گھڑ دوڑ کے شائقین کو تفریح کے ساتھ جدید طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
میدان ریس کورس میں منعقد ہونے والی خصوصی سرگرمیوں کے دوران شائقین مصنوعی ذہانت کی مدد سے صحت کی جانچ، بنیادی طبی معائنے، ویلنیس آئی وی ڈرپس اور بیوٹی اینڈ ایستھیٹکس سروسز سے مستفید ہوسکیں گے۔
اس شراکت داری کی خاص بات یہ ہے کہ شائقین کو میڈکیئر کے مختلف ہسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں قابلِ استعمال متعدد مفت طبی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے ریس کورس میں حاصل ہونے والی ابتدائی طبی رہنمائی کو مزید علاج اور مشاورت سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔
دبئی ریسنگ کلب کے بورڈ ممبر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی العلی نے اس شراکت داری کو مہمانوں کے تجربے میں اضافے کا اہم ذریعہ قرار دیا، جبکہ ایسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیئر جی سی سی کی گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر علیشا موپن کے مطابق اس اقدام کا مقصد لوگوں کو احتیاطی طبی معائنے کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
میڈکیئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شانیلا لائجو کا کہنا ہے کہ جدید اسکریننگ اور طبی ماہرین سے براہِ راست رابطے کے ذریعے لوگوں کو اپنی صحت سمجھنے اور بروقت طبی رہنمائی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔





