دبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی ایک بار پھر بڑے پردے پر تہلکہ مچانے کے لیے تیار ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کا انداز بالکل نیا اور پہلے سے زیادہ جارحانہ ہے۔ ان کی نئی ایکشن فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کا دھماکے دار ٹریلر ریلیز ہوتے ہی فلمی حلقوں میں موضوعِ گفتگو بن گیا ہے۔
ٹریلر میں عمران ہاشمی خطرناک مشنز، گن فائٹس، ہاتھا پائی اور سنسنی خیز اسٹنٹس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا رگڈ لک اور جذبات سے بھرپور کردار فلم میں ایک نئے ایکشن ہیرو کی جھلک پیش کرتا ہے۔ اداکار نے کردار کو حقیقت کا رنگ دینے کے لیے مارشل آرٹس اور اسلحہ چلانے کی خصوصی تربیت بھی حاصل کی۔
فلم میں جنیلیا دیشمکھ پہلی مرتبہ عمران ہاشمی کے مدمقابل نظر آئیں گی، جو کہانی میں رومانس اور جذباتی رنگ بھریں گی، جبکہ اپارشکتی کھرانہ منفی کردار میں اپنی اداکاری کے نئے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
ہدایت کار آدتیہ دت کی یہ فلم محض ایکشن تک محدود نہیں بلکہ اس میں رومانس، مزاح، جذبات اور موسیقی کا دلچسپ امتزاج بھی شامل ہے۔ فلم کی موسیقی ہیمیش ریشمیا نے ترتیب دی ہے۔
فلم میں ابھیشیک سنگھ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’گن ماسٹر جی 9‘ 27 نومبر 2026 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔





