ریاض (جانب منزل نیوز) سعودی عرب نے کم عمر افراد کو تمباکو نوشی کی لت سے محفوظ رکھنے کے لیے قوانین کا شکنجہ مزید سخت کر دیا۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ یا تمباکو کی مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں کو 5 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ خلاف ورزی پر دکان بند کرنے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
سعودی وزارت بلدیات و ہاؤسنگ نے خبردار کیا ہے کہ نابالغوں کو تمباکو فروخت کرنا یا تمباکو کی فروخت کے لیے مخصوص دکانوں اور مقامات میں داخلے کی اجازت دینا قابلِ سزا خلاف ورزی ہے۔ دکاندار خریدار کی عمر کی تصدیق کے لیے شناختی دستاویز بھی طلب کر سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دوگنا ہو سکتا ہے، جبکہ متعلقہ قوانین کے تحت کاروباری مرکز کی بندش بھی ممکن ہے۔
سعودی حکام نے تمباکو کی فروخت اور تشہیر کے حوالے سے بھی واضح پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ دکانوں میں سگریٹ نوشی کے نقصانات سے متعلق صحت کے انتباہات نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا، جبکہ 18 سال سے کم عمر افراد کے داخلے اور فروخت کی ممانعت کے نوٹس بھی لگانا ہوں گے۔
قواعد کے تحت کھلی سگریٹ فروخت کرنے، مفت نمونے تقسیم کرنے اور تحائف یا انعامات کے ذریعے تمباکو مصنوعات کی تشہیر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسکولوں اور مساجد سے 500 میٹر دور ہوں گی تمباکو شاپس سعودی عرب نے جون 2026 میں تمباکو فروخت کرنے والی دکانوں کے لیے لائسنسنگ شرائط بھی سخت کی تھیں۔ نئے تقاضوں کے مطابق ایسی دکانوں کا اسکولوں اور مساجد سے کم از کم 500 میٹر فاصلہ ہونا ضروری ہے، جبکہ دکان کا کم از کم رقبہ 36 مربع میٹر مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں نگرانی کے کیمرے، آگ سے بچاؤ کے نظام اور صحت و حفاظت کے منظور شدہ انتظامات بھی لازمی قرار دیے گئے ہیں۔





