دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت اور مضبوط مالیاتی نظام نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ کاروباری شعبے میں ٹیکس قوانین پر عمل درآمد اور مالیاتی نظم و ضبط کے مثبت نتائج سامنے آگئے، کارپوریٹ ٹیکس کی وصولیوں میں ایک سال کے دوران 33.9 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد قومی خزانے میں 46.52 ارب درہم جمع ہوگئے۔
وفاقی ٹیکس اتھارٹی (FTA) کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2025 میں ختم ہونے والی مالیاتی مدت کے دوران کارپوریٹ ٹیکس کی مد میں 46.52 ارب درہم وصول کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال یہ رقم 34.75 ارب درہم تھی۔ اس طرح کارپوریٹ ٹیکس کے نفاذ سے 2025 کے اختتام تک مجموعی وصولیاں 81.27 ارب درہم تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کاروباری اداروں کی جانب سے مقررہ وقت پر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح 2025 کے 87 فیصد سے بڑھ کر 2026 میں 91 فیصد ہوگئی، جبکہ 97 فیصد کارپوریٹ ٹیکس ادائیگیاں بھی مقررہ تاریخ کے اندر مکمل کی گئیں۔ یہ پیش رفت کاروباری برادری میں ٹیکس قوانین سے متعلق بڑھتے ہوئے شعور اور مالیاتی شفافیت کی عکاس ہے۔
متحدہ عرب امارات کو جنوری سے اگست 2026 کے دوران ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) کی مد میں تقریباً 28.27 ارب درہم حاصل ہوئے، جبکہ اسی عرصے میں ایکسائز ٹیکس کی وصولیاں 1.4 ارب درہم رہیں۔ وی اے ٹی گوشوارے بروقت جمع کرانے کی شرح بھی 81 فیصد سے بڑھ کر 83 فیصد ہوگئی، جبکہ ٹیکس ادائیگیوں کی بروقت شرح 98 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
متحدہ عرب امارات میں عمومی طور پر 3 لاکھ 75 ہزار درہم سے زائد قابلِ ٹیکس آمدن پر 9 فیصد کارپوریٹ ٹیکس لاگو ہوتا ہے، جبکہ مقررہ حد تک آمدن پر صفر فیصد شرح ہے۔ کاروباری اداروں کو مالیاتی مدت ختم ہونے کے بعد عموماً نو ماہ کے اندر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور واجبات ادا کرنے ہوتے ہیں۔
وفاقی ٹیکس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعزیز الملا کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ادارے کی مؤثر کارکردگی، خدمات میں بہتری اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ مسلسل رابطے کا نتیجہ ہے۔ اتھارٹی کاروباری اداروں کو ٹیکس ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔





