مسقط (جانب منزل نیوز) عمان نے عالمی فضائی صنعت میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت کر دی۔ قومی فضائی کمپنی عمان ایئر اور انڈونیشیا کی معروف ایوی ایشن کمپنی جی ایم ایف ایرو ایشیا نے مشترکہ منصوبے کے تحت ملک کا پہلا مخصوص طیارہ مینٹیننس، مرمت اور اوورہالنگ (MRO) مرکز قائم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس اشتراک کے تحت عمان جی ایم ایف ٹیکنک (Oman GMF Technic) کے نام سے نئی کمپنی قائم کی گئی ہے، جو مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی ایئرلائنز کو طیاروں کی جدید دیکھ بھال، تکنیکی معائنے اور مرمت کی سہولیات فراہم کرے گی۔
منصوبے کا مقصد مسقط کو مشرقِ وسطیٰ میں فضائی انجینئرنگ اور تکنیکی خدمات کے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دینا ہے، تاکہ عالمی ایئرلائنز عمان میں دستیاب جدید سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔
نئی کمپنی کے تحت بیس مینٹیننس اور لائن مینٹیننس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے طیاروں کی شیڈول سروسنگ، معائنوں اور ضروری مرمتی کاموں کو مقامی سطح پر انجام دینا ممکن ہوگا۔
مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں قائم نئی مینٹیننس سہولت کی افتتاحی تقریب وزیر ٹرانسپورٹ، مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور عمان ایئر کے چیئرمین انجینئر سعید بن حمود المعولی اور وزیر خزانہ سلطان بن سالم الحبسی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔
اس منصوبے سے عمان میں جدید تکنیکی مہارتوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور روزگار کی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ بیرون ملک طیاروں کی مرمت پر انحصار کم کرنے اور عالمی ایوی ایشن مارکیٹ سے مزید کاروبار عمان منتقل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔





