دبئی (جانب منزل نیوز) پاکستانی ٹائر سازی کی صنعت نے عالمی منڈی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے دبئی میں قدم جما لیے۔ مشرقِ وسطیٰ کی معروف آٹو موٹیو تجارتی نمائش ’’آٹو مکینیکا دبئی 2026‘‘ میں پاکستان کی دو ٹائر ساز کمپنیاں اپنی مصنوعات اور صنعتی مہارت کے ساتھ عالمی خریداروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے میدان میں آگئی ہیں۔
دبئی ایگزیبیشن سینٹر، ایکسپو سٹی میں 10 سے 12 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش کے 23ویں ایڈیشن میں دنیا بھر سے تقریباً 1,400 نمائش کنندگان شریک ہیں، جبکہ 30 ہزار سے زائد تجارتی مندوبین اور خریداروں کی آمد متوقع ہے۔ نمائش میں ٹائرز، بیٹریوں، آٹو پارٹس، الیکٹرانکس اور جدید آٹوموٹیو ٹیکنالوجی کی نمائش کی جا رہی ہے۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے تعاون سے شریک ہونے والی پاکستانی کمپنیاں پاکستان پویلین میں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں، جہاں ملکی صنعتی صلاحیت اور برآمدات کے نئے امکانات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان پویلین کا افتتاح دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے کیا۔ اس موقع پر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان بھی موجود تھے۔
قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارتی نمائشیں پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے بین الاقوامی خریداروں سے براہِ راست رابطوں، نئی کاروباری شراکت داریوں اور خطے میں پاکستان کی تجارتی موجودگی مستحکم کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
علی زیب خان نے کہا کہ TDAP اور قونصل خانے کا کمرشل سیکشن پاکستانی صنعت کاروں کو نئی عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا۔





