دبئی (جانب منزل نیوز) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغان پریمیئر لیگ 2026 میں شاندار انٹری دے دی، انہیں ڈرافٹ میں کندھار واریئرز نے مجموعی طور پر پہلے نمبر پر منتخب کرلیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ڈرافٹ میں محمد عامر کا انتخاب پلاٹینم کیٹیگری میں کیا گیا۔ وہ لیگ میں برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹر ہوئے ہیں۔ 34 سالہ فاسٹ بولر نے رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی، جبکہ ڈرافٹ رجسٹریشن میں پاکستان کو ان کا ملکِ رہائش ظاہر کیا گیا ہے۔
کندھار واریئرز میں محمد عامر کے ساتھ افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی، انگلینڈ کے بیٹر جو کلارک اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ڈوائن پریٹوریئس بھی شامل ہوں گے۔
پلاٹینم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے ایک لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ مقرر کیا گیا ہے، جو لیگ کی پانچ کیٹیگریز میں سب سے زیادہ ہے۔
محمد عامر پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ ان کا آخری انٹرنیشنل میچ جون 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تھا۔ اس کے بعد وہ مختلف فرنچائز لیگز میں کھیل رہے ہیں۔
افغان پریمیئر لیگ میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت غیر یقینی ہے۔ ڈرافٹ کے لیے فخر زمان، صائم ایوب، حسن علی اور شان مسعود سمیت 30 سے زائد پاکستانی کرکٹرز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
پانچ ٹیموں پر مشتمل افغان پریمیئر لیگ کا آغاز 27 دسمبر سے ہوگا۔





