ابوظہبی (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات میں یومِ پرچم قومی جوش و جذبے، حب الوطنی اور یکجہتی کی خوبصورت مثال بن گیا۔ اس موقع پر صدارتی عدالت کے ڈپٹی چیئرمین برائے ترقی و شہدائے وطن کے امور، شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان نے ابوظہبی کے تاریخی مقام واحت الکرامہ میں قومی پرچم لہرا کر قومی اتحاد اور وفاداری کے پیغام کو اجاگر کیا۔
صدارتی عدالت کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں وزارتِ دفاع، وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، ابوظہبی پولیس، سول ڈیفنس اتھارٹی اور امارات ریڈ کریسنٹ کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔ قومی پرچم کی سربلندی کے اس یادگار لمحے نے اماراتی قوم کے مشترکہ عزم اور قومی تشخص کی بھرپور عکاسی کی۔
شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان نے صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم، سپریم کونسل کے اراکین اور دیگر اماراتی حکمرانوں کو یومِ پرچم کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ اماراتی پرچم محض قومی رنگوں کا مجموعہ نہیں بلکہ فخر، عزت، اتحاد اور قومی شناخت کی روشن علامت ہے۔ یہ پرچم بانیِ امارات مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے وژن، قومی یکجہتی اور وفاداری کی یاد بھی تازہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی ترقی کا سفر انسانی صلاحیتوں پر سرمایہ کاری، نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور روشن مستقبل کی تعمیر کے عزم سے جڑا ہے۔





