فاکسبرو (جانب منزل نیوز) امریکی فٹبال لیگ میں ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار لیونل میسی نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ ان کے فیصلہ کن گول کی بدولت انٹر میامی نے نیو انگلینڈ ریولوشن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے دی۔
فاکسبرو میں کھیلے گئے مقابلے کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ میزبان نیو انگلینڈ نے ابتدائی برتری حاصل کرنے کے لیے کئی حملے کیے، تاہم انٹر میامی کا دفاع مضبوط رہا۔
دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں ڈینیئل گازڈاگ نے گول کرکے نیو انگلینڈ کو 1-0 کی برتری دلائی۔ خسارے میں جانے کے بعد انٹر میامی نے کھیل میں واپسی کے لیے جارحانہ حکمت عملی اختیار کی۔
69ویں منٹ میں جرمن برٹرامے نے لیونل میسی اور ٹیلاسکو سیگوویا کی مشترکہ کوشش کے بعد ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ 83ویں منٹ میں آیا، جب لیونل میسی نے شاندار ڈرِبلنگ کے ذریعے حریف دفاع کو چکمہ دیا اور بائیں پاؤں سے زبردست شاٹ لگاتے ہوئے گیند گول پوسٹ میں پہنچا دی۔ میسی کے اس گول نے انٹر میامی کو 2-1 کی فیصلہ کن برتری دلادی، جو آخری وسل تک برقرار رہی۔
اس کامیابی کے ساتھ انٹر میامی کے پوائنٹس 59 ہوگئے اور ٹیم ایسٹرن کانفرنس میں نیو انگلینڈ سے ایک پوائنٹ آگے نکل گئی، جس کے 58 پوائنٹس ہیں۔ دوسری جانب نیو انگلینڈ کی مسلسل چار فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔
انٹر میامی اب 7 نومبر کو شارلٹ ایف سی کے خلاف میدان میں اترے گی، جبکہ پلے آف مرحلے سے قبل ایسٹرن کانفرنس میں سرفہرست رہنے کی جنگ مزید دلچسپ ہوگئی ہے۔





