ممبئی (جانب منزل نیوز) دوستی، محبت، جدائی اور یادوں سے سجی بالی ووڈ کی شہرۂ آفاق فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ ایک بار پھر اپنے مداحوں کے دلوں میں پرانی یادوں کے چراغ روشن کرنے آرہی ہے۔ شاہ رخ خان، کاجول، رانی مکھرجی اور سلمان خان کی لازوال اداکاری سے مزین اس فلم کی ریلیز کے 30 سال مکمل ہونے پر 2028 میں اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں خصوصی نمائش منعقد کی جائے گی۔
فلم کے ہدایت کار کرن جوہر نے ایڈنبرا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی خصوصی دعوت قبول کرلی ہے۔ یہ تقریب 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم کے تین دہائیوں پر محیط شاندار سفر کو خراجِ تحسین پیش کرے گی۔
اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوئنی اور اسکرین اسکاٹ لینڈ کے ڈیوڈ اسمتھ نے ممبئی میں دھرما پروڈکشنز کے دفتر میں کرن جوہر سے ملاقات کی، جہاں بھارتی اور اسکاٹش فلم انڈسٹری کے درمیان مشترکہ فلم سازی، نئے ٹیلنٹ کی تربیت اور ثقافتی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کرن جوہر کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی، جس میں شاہ رخ خان نے راہول، کاجول نے انجلی، رانی مکھرجی نے ٹینا جبکہ سلمان خان نے امان کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم کی کہانی دوستی سے محبت اور پھر برسوں بعد بچھڑے رشتوں کے دوبارہ جڑنے کے گرد گھومتی ہے۔
فلم کے جذباتی مکالموں، یادگار گانوں اور دل چھو لینے والے مناظر نے اسے بالی ووڈ کی مقبول ترین رومانوی فلموں میں شامل کر دیا۔
فلم کی خوبصورتی میں اسکاٹ لینڈ کے دلکش قدرتی مناظر نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایلن ڈونن کیسل، گلین کو، ٹینٹالن کیسل اور اِنچ ماہوم پرائیری جیسے مقامات پر فلمائے گئے مناظر آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔
ایڈنبرا فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کے مطابق 2028 کی خصوصی نمائش میں بھارتی سنیما کے اس یادگار شاہکار اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ اس کے تاریخی فلمی تعلق کو اجاگر کیا جائے گا۔ تقریب کی حتمی تاریخ اور دیگر مہمانوں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
30 سال بعد بھی وہی جادو، وہی محبت اور وہی یادیں! ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی یہ خصوصی نمائش صرف ایک فلم کی سالگرہ نہیں بلکہ بالی ووڈ کے سنہری رومانوی دور کی یادوں کو دوبارہ زندہ کرنے کا موقع ہوگی۔





