ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ہالووین 2026 کی تقریبات نے شہر کو رنگا رنگ تفریحی سرگرمیوں سے سجا دیا۔ شاپنگ مالز، پارکس، ساحلی مقامات اور ریسٹورنٹس میں بچوں اور خاندانوں کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں دلچسپ ملبوسات، دلکش سجاوٹ اور تفریحی سرگرمیاں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
البطین کے شیخہ فاطمہ پارک میں 31 اکتوبر کو ’’ہالووین ایٹ دی پارک‘‘ کے تحت بچوں کے لیے ٹرک اینڈ ٹریٹ ایڈونچر، پاپ اپ مارکیٹ اور جادوئی شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ریئم آئی لینڈ کے ریئم مال میں ’’فرائٹ فل فن ہالووین‘‘ کے نام سے خصوصی سرگرمی جاری ہے، جہاں 200 درہم کی خریداری کرنے والے شرکا مختلف اسٹورز سے اسٹیمپس جمع کرکے خصوصی تحائف حاصل کر سکتے ہیں۔
اسی طرح ابوظہبی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 29 سے 31 اکتوبر تک تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں فیس پینٹنگ، فوٹو بوتھ، خصوصی کھانے، مشروبات اور بہترین ہالووین لباس کے مقابلے شامل ہیں۔ بچوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت پیشگی بکنگ پر 100 درہم اور ایونٹ کے روز 120 درہم ہے۔
دوسری جانب سعدیات آئی لینڈ کے ممشا سعدیات میں سمندر کنارے واقع ریسٹورنٹس اور کیفے کو خصوصی انداز میں سجایا گیا، جہاں بچوں نے پریوں، ڈزنی شہزادیوں اور دیگر دلچسپ کرداروں کے ملبوسات پہن کر ٹرک اینڈ ٹریٹ سرگرمیوں میں حصہ لیا۔





