اسلام آباد (جانب منزل نیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ازدواجی حیثیت کو ’’شادی شدہ‘‘ درج کرانے کے لیے نادرا مراکز آنے کی شرط ختم کر دی ہے۔
نئے نظام کے تحت اب یونین کونسل میں شادی کا باضابطہ اندراج ہوتے ہی نادرا ڈیٹا بیس میں میاں اور بیوی دونوں کی ازدواجی حیثیت خودکار نظام کے تحت خود بخود اپ ڈیٹ ہو جائے گی۔ نادرا کے مطابق اس سہولت کے لیے بنیادی شرط یہ ہے کہ نکاح نامے اور متعلقہ دفتری اندراج میں میاں اور بیوی دونوں کے درست قومی شناختی کارڈ نمبرز لازمی درج ہوں۔
ترجمان نادرا کے مطابق اس طریقہ کار کے تحت یونین کونسل سے کمپیوٹرائزڈ میرج سرٹیفکیٹ کا اجراء ہوتے ہی نادرا ریکارڈ میں میاں اور بیوی دونوں کی حیثیت غیر شادی شدہ سے تبدیل ہو کر شادی شدہ ہو جائے گی تاہم اگر خاتون شادی کے بعد اپنے قومی شناختی کارڈ پر شوہر کا نام درج یا تبدیل کروانا چاہیں تو اس کے لیے انہیں باضابطہ طور پر نادرا دفتر میں درخواست جمع کروانا ہوگی۔اسی طرح جو افراد نادرا ریکارڈ میں پہلے سے بطور طلاق یافتہ، بیوہ یا رنڈوا درج ہیں، ان کی نئی شادی کے بعد یونین کونسل سے شناختی کارڈ کی بنیاد پر میرج سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر نادرا میں ان کا پرانا اسٹیٹس فوری طور پر ختم ہو کر ازدواجی حیثیت خود بخود ’’شادی شدہ‘‘ میں تبدیل ہو جائے گی۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی ریکارڈ میں ازدواجی حیثیت خودکار طریقے سے اپ ڈیٹ ہونے کے بعد شہری کا خاندانی ریکارڈ (Family Tree) بھی اس کے مطابق ازخود یکجا اور درست ہو جائے گا۔ اس ڈیجیٹل انضمام کا بنیادی مقصد شہریوں کو طویل قطاروں اور دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا ہے جبکہ شہری مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1777 یا ویب سائٹ nadra.gov.pk سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔





