ٹو لیڈو ( جانب منزل نیوز ) اسپین میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے ہولناک تصادم نے تباہی مچا دی، حادثے میں کم از کم 74 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 180 افراد زخمی ہوگئے۔ سانحے کے بعد لاپتا مسافروں کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تلاش میں دربدر ہیں اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ان کی بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کو 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود متعدد خاندان اپنے عزیزوں کی خیریت جاننے کے منتظر ہیں۔ سوشل میڈیا پر لاپتا افراد کی تصاویر، لباس اور ٹرین میں نشستوں کی تفصیلات شیئر کرکے ان کی تلاش میں مدد کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک مذہبی مرکز کو عارضی امدادی مرکز میں تبدیل کردیا گیا ہے، جہاں لوگ اپنے عزیزوں کی معلومات کے انتظار میں موجود ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ حکام متاثرین کی شناخت اور اہل خانہ کو معلومات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حادثے کے بعد مقامی شہریوں نے بے مثال جذبۂ خدمت کا مظاہرہ کیا۔ لوگوں نے زخمیوں کو نکالنے، ابتدائی طبی امداد دینے اور محفوظ مسافروں کے لیے کھانے پینے کا انتظام کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
حکام کی جانب سے خون عطیہ کرنے کی اپیل پر شہریوں نے فوری ردعمل دیا۔ کاسٹیلا لا مانچا کے علاقے میں 2 ہزار سے زائد افراد امدادی سرگرمیوں میں شریک ہوئے، جبکہ 1300 ایمرجنسی اہلکاروں کو بھی کارروائیوں کے لیے متحرک کیا گیا۔
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد، حادثے کی وجوہات معلوم کرنے اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔





